27 مئی 2020 - 09:57
ڈبیلو ايچ او کا انتباہ، کورونا کی دوسری لہر زیادہ تیز ہو سکتی ہے

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ايچ او نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر، پہلی لہر سے زیادہ تیز ہو سکتی ہے اس لئے بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈبلیو ايچ او نے دنیا کے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ جہاں کورونا وائرس کے معاملے کم ہو رہے ہیں وہاں پر یہ معاملے اچانک بھی بڑھ سکتے ہیں۔ اس لئے صرف دیکھتے نہ رہیں بلکہ حکومتوں کو چاہئے کہ وہ اس وبا کو روکنے کے اقدامات کے ساتھ پوری طرح سے تیار رہیں۔

ڈبلیو ايچ او کے ایمرجنسی امور کے سربراہ ڈاکٹر مائیک ریان نے کہا کہ دنیا اس وقت کورونا وائرس کی پہلی لہر میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پر کئی ممالک میں معاملات میں کمی آ رہی ہے وہیں پر مرکزی اور جنوبی امریکا، جنوبی ایشیا اور افریقہ میں کورونا کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔

ریان کا کہنا تھا کہ یہ وبا، لہروں کی شکل میں آتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ اسی سال ان علاقوں میں دوبارہ آ سکتی ہے جہاں معاملات ٹہر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ دور میں وبا کے پہلے دور کو روک بھی لیا گیا تو بھی اگلی بار وبا سطح بہت تیز ہو سکتی ہے۔